128

انڈین اداکارہ سری دیوی دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں

بالی وڈ اداکارہ سری دیوی دبئی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث 55 برس کی عمر میں انتقال کر گئی ہیں۔ خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا (پی ٹی آئی)کے مطابق اداکارہ سری دیوی اپنے شوہر بونی کپور اور بیٹی خوشی کے ساتھ شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے دبئی میں موجود تھیں۔ پی ٹی آئی نے سری دیوی کے رشتہ داروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ سنیچر کی رات سری دیوی کا انتقال ہوا۔

سری دیوی 13 اگست سنہ 1963 میں تمل ناڈو میں پیدا ہوئیں اور سنہ 1978 میں اپنے فلمی کریئر کا آغاز فلم ’سولہواں ساون‘ سے کیا۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی ‘مام’ ان کی 300 ویں فلم تھی۔ سری دیوی نے فلم پروڈیوسر بونی کپور سے 1996 میں شادی کی تھی اور ان کی خوشی اور جھانوی کپور دو بیٹیاں ہیں۔ ان کی مشہور ہونے والی فلموں میں چاندنی، لمحے، مسٹر انڈیا، خدا گواہ اور نگینہ شامل ہیں۔ انھوں نے ہندی فلموں کے علاوہ تمل، تلیگ، ملایم اور کنناڈا فلموں میں بھی کام کیا۔

سری دیوی کو 2013 میں حکومت کی جانب سے پدماشری اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ وہ پانچ بار فلم فیئر ایوارڈ بھی حاصل کر چکی ہیں۔ انھوں نے جب 90 کی دہائی میں اپنے فلمی کریئر کو الودع کہا تھا تو اس وقت ان کی فلمیں اچھی طرح سے نہیں چل رہی تھیں۔ لیکن اس طویل وقفے کے بعد جب وہ واپس آئیں تو اپنی اداکاری سے ایک بار پھر سے ہنگامہ مچا دیا تھا۔ سری دیوی نے اپنے فلمی کریئر میں برسات میں فلمائے گئے نغموں سے کئی بار دھوم مچائی اور شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں۔

فلم ‘چاندنی’ کا گيت ‘لگی آج ساون کی پھر وہ جھڑی ہے’، فلم ‘چال باز’ میں ‘نہ جانے کہاں سے آئی ہے’ اور ‘مسٹر انڈیا’ میں ‘کاٹے نہیں کٹتے’ جیسے گانے بہت مقبول اور ہٹ رہے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر آتے ہی سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بڑی تعداد میں اداکاروں اور دیگر شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات آنا شروع ہو گئے اور انڈیا میں Sridevi# ٹرینڈ کرنے لگا۔ اداکارہ پرینکا چوپڑا نے لکھا: ’میرے پاس الفاظ نہیں ہیں، ان سب سے تعزیت جو سری دیوی کو چاہتے تھے، یہ سیاہ دن ہے۔‘بالی وڈ اداکار رتیش دیش مکھ نے ٹوئٹر پر لکھا: ’بری خبر، میں جس صدمےمیں ہوں بیان نہیں کر سکتا، سری دیوی جی نہیں رہیں۔‘

فلم فیئر کے آفیشل اکاؤنٹ سے اس خبر کی تصدیق کی گئی اور لکھا گیا: ’سری دیوی نہیں رہیں۔ سپر سٹار کا دبئی میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوا۔‘ ہدایتکار اور اداکار جاوید جعفری کا کہنا تھا کہ ’حیران اور صدمے میں ہوں۔ زبردست ٹیلنٹ اور میری پسندیدہ پرفارمر انتقال کر گئیں۔ صنعت کا بڑا نقصان ہے، آپ کو بہت یاد کریں گے۔‘ ان کے علاوہ اداکارہ جیکلین فرنینڈس کا کہنا تھا: ’بے شک وہ ایک آئکون تھیں، بہت جلدی چلی گئیں، بہت جلدی۔‘ کامینٹیٹر ہرشا بھوگلے نے کہا: ’انھوں نے اپنے انداز میں سکرین کو منور کیا، یہ ان کے جانے کی عمر نہیں تھی۔‘

اپنی مزاحیہ اداکاری کے لیے مشہور معروف انڈین اداکار جانی لیور نے اس موقعے پر کہا: ’سری دیوی جی کے بارے میں سن کر انتہائی غمگین اور صدمےمیں ہوں۔ میری ان کے خاندان کے لیے دعائیں اور تعزیت ہے۔‘

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں